کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کو موجودہ صورتحال میں تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہونے کی یقین دہانی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہوئی جس میں خالد مقبول نے رابطہ کمیٹی کی رائے سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان سے ہونے والی گفتگو بتائی۔
اس ملاقات میں سید سہیل مشہدی اور ظفر کمالی بھی شریک تھے، سہیل مشہدی نے گورنر سندھ کو ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد سے متعلق آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا فیصلہ متعصبانہ قرار، ایم کیو ایم کا عدالت جانے کا اعلان
ملاقات میں گورنر سندھ نے خالد مقبول صدیقی کو موجودہ صورتحال میں تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہونے کا یقین دلایا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا، حکومت سے علیحدہ نہ ہوں، آپ کے تمام تحفظات دور ہوں گے، بلدیاتی انتخابات شفاف بھی ہوں گے اور منصفانہ بھی، انتخابات سے پہلے ایم کیو ایم کے تحفظات ختم کیے جائیں گے۔
جس پر خالد مقبول صدیقی نے یقین دہائی کرائی کہ اگر ایسا ہوگا تو ایم کیو ایم حکومت سے الگ نہیں ہوگی۔