جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

ڈرامہ ارطغرل غازی کے طرز پر خلیل الرحمان کا بھی ڈرامہ لکھنے کا اعلان

ڈرامہ

کراچی: مایا ناز پاکستانی مصنف اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمرنے کہا ہے کہ وہ ترکش ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کی طرز پر کہانی لکھیں گے۔

مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک ٹاک شو کے دوران کہا ہے کہ وہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستان میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھنی شروع کردی ہے۔

ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔

اس ڈرامے کو نہ صرف یوٹیوب پر لوگ بے تحاشہ پسند کررہے ہیں بلکہ یہ ٹوئٹر اوریوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو محض دو ہفتوں میں پاکستان میں اتنی زیادہ مقبولیت ملی ہے جتنی کہ ترکی میں 5 سال میں بھی نہیں ملی تھی۔

پاکستان میں اس ڈرامے کی روزبروز بڑھتی مقبولیت کے پیش نظر نجی ٹی وی چینل کی اینکر نے اپنے ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر کو مدعو کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ ارطغرل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی کہانی پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا بالکل میں سوچ رہا ہوں اور 3 روز قبل میں نے ہمایوں سعید سے اس موضوع پر بات بھی کی تھی جس کے بعد ہم نے ارطغرل کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

خلیل الرحمان قمر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حدود بہت ہیں اور ہمیں اس طرح کا طعنہ اس لیے نہیں دیا جاسکتا کہ ہمارے پاس صرف وسائل کا پرابلم ہے ورنہ ہمارے پاس بہترین اداکار و ہدایت کار اور بہترین دیکھنے والے موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس پراجیکٹ کو کل سے لکھنا بھی شروع کررہا ہوں۔

خیال رہے کہ ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں دھوم مچادی ہے پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل (ٹی آر ٹی ارطغرل بائے پی ٹی وی) پر اس ڈرامے کی پہلی قسط کو صرف دو ہفتوں میں 13 ملین یعنی ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ جب کہ ترکی میں اس ڈرامے کی پہلی قسط کو 5 برسوں میں 12 ملین ویوز یعنی ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں