اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کے الیکٹرک کو اضافی بجلی فراہم کرنے کی منظوری

اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 150 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کو اضافی بجلی دو سال کے لیے فراہم کی جائے گی، اضافی بجلی کی فراہمی سے کراچی کے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف ملے گا، اضافی بجلی زیفائرتینگا اور دادو ہائیڈرو الیکٹرک سے فراہم کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹیسکو کے صارفین کے لیے ایک ارب 80 کروڑ روپے سبسڈی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، صنعتی صارفین کو بجلی پر 3 روپے فی یونٹ سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ نہ ہوسکا، پاور ڈویژن نے صنعتی صارفین کو دی جانے والی سبسڈی کے 118ارب روپے مانگ لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاور ڈویژن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صنعتی صارفین کو اب تک 118 ارب روپے تک کی سبسڈی دی جا چکی ہے، حکومت 118 ارب روپے فراہم کرے تو آگے سبسڈی جاری رکھیں گے۔

صنعتی صارفین کو سبسڈی دینے کا معاملہ اگلے اجلاس تک موخر کردیا گیا ہے۔