جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

مشکل وقت سے نکلنے کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی آسان ہوگئی، وزیراعظم

مشکل

لیہ : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے مشکل وقت سے نکلنے کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی آسان ہوگئی ہے بلکہ ابھی آگے بڑے چیلنجز ہیں۔

عمران خان نے صوبہ پنجاب کے علاقے لیہ میں احساس آمدن پروگرام کا افتتاح کیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ہمارے ملک میں جو ترقی ہوئی اس میں امیر، امیر تک اور غریب، غریب تر ہوتا گیا اور ان میں فاصلہ بڑھتا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی کی وجہ یہ ہے کہ اس نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور یہی ہمارا پاکستان کے لیے خواب ہے، اسی کے لیے یہ احساس پروگرام ہے جس کا مقصد نچلی طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ خواتین کو ایک، گائیں، ایک بھینس اور تین بکریاں دیں گے تاکہ وہ اپنا گھر چلا سکیں، اس کے علاوہ ہر مہینے 80 ہزار لوگوں کو سود کے بغیر قرضے دیے جائیں گے جبکہ نوجوانوں کو ہر سال 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہم پورے پاکستان میں پناہ گاہ بنا رہے ہیں، وہ لوگ جو سڑکوں پر سوتے ہیں ان کے لیے یہ پناہ گاہ بنائیں گے تاکہ ایسے لوگ وہاں رات گزار سکیں اور ان کو کھانا مفت ملے۔

آٹا اور چینی بحران، خزانے پر ہاتھ پھیرنے والے خان صاحب کے ارد گرد ہیں : حمزہ شہباز

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ملک میں کوئی آدمی سڑک پر نہ سوئے۔

ایک نئے قانون سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایک نیا قانون لارہے ہیں تاکہ وہ غریب جو وکیل نہیں کرسکتے انہیں حکومت وکیل کرکے دے گی تاکہ اسے عدالت سے انصاف مل سکے۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ ملے گا جبکہ ہم نے ہسپتال بنانے اور اس کی مشینری کی درآمدات پر تمام ڈیوٹیز ختم کردی ہیں۔

اسکولز اور تعلیمی نظام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پرانے بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کر رہے جبکہ ایک نصاب کے لیے بھی کام کر رہے ہیں تاکہ سب ایک نصاب سے تعلیم حاصل کرسکیں، اگرچہ یہ مشکل ہے کیونکہ ہم نے 70 برسوں میں اسے بگاڑا ہے جسے ٹھیک کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں غیرحاضر رہنے والے اساتذہ کے لیے سزا و جزا کا نظام لارہے ہیں تاکہ وہ استاد جو نہیں آتے انہیں باہر نکالا جائے۔

متعلقہ خبریں