فواد چوہدری نے چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا، عیدالفطر 5 جون کو ہوگی۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اپنی ترقی کی بنیاد سائنس اور ٹیکنالوجی پر رکھی، دنیا میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر چوتھا صنعتی انقلاب آرہاہے، بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام نہیں کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سالہ قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قمری کلینڈر کو منگل 28 مئی کو وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

جبکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں استعمال ہونے والا ایک بھی پرزہ پاکستان میں نہیں بنتا، ہم نے زراعت میں بھی سائنس و ٹیکنالوجی کو ترجیح نہیں دی، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلاب لائیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے بہت سی سازشیں ہوئیں لیکن ہم 1500 اسکولوں کو اپ گریڈ کریں گے اور ان میں ریاضی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں گے۔

پاک مون سائٹنگ پی کے ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے تحت 5 جون کو عید ہو گی، ہم نے 5 سال کے لئے قمری کیلنڈر بنایا ہے جسے منگل کے روز کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔