قبائلی اضلاع انتخابات : الیکشن کمیشن نے ریٹرنگ افسران کو ہدایت نامہ جاری کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کے سلسلے میں ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ عملہ کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی ادارے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔

 الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن سے متعلق ریٹرنگ افسران کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق ایک پولنگ اسٹیشن پر زیادہ سے زیادہ 4 پولنگ بوتھ ہوں گے۔ ایک پولنگ بوتھ پر500   سے زائد ووٹ کاسٹ نہیں ہوسکیں گے۔ ایک پولنگ بوتھ پرایک چپڑاسی، 2 اسٹنٹ پرزائیڈنگ افسران اور ایک پرزائڈنگ افسر تعینات ہوگا۔ 2 پولنگ بوتھ پر 8، جبکہ 4 پولنگ بوتھ والے اسٹیشن پر 14 افراد کا پولنگ عملہ تعینات ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ عملہ کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے انتباہ بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت کہا گیا ہے کہ پولنگ عملہ کو زدوکوب یا کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے پر سخت سزا دی جائے۔ پولنگ عملہ کے ساتھ تعاون نہ کرنے ان کے میں کام میں خلل ڈالنے والوں کیخلاف بھی سخت کاروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ پولنگ عملہ کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچا تو متعلقہ ادارے جوابدہ ہوں گے۔ کمیشن نے ہدایت کی کہ پولنگ عملہ کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی ادارے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔