جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

الیکشن کمیشن نیوٹرل رہے، وفاقی حکومت چلانے کیلئے پیپلزپارٹی کو چھوٹ دی گئی ہے : کمال

الیکشن کمیشن نیوٹرل

کراچی : پی ایس پی سربراہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت چلانے کے لیئے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں کہ نیوٹرل رہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ دنوں الیکشن میں ایسا لگا ڈاکو بھی سندھ حکومت کے پریذائڈنگ افسر بھی سندھ حکومت کے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی جاگیر بن چکی ہے۔ الیکشن کمیشن بھی ان کے ساتھ ملا ہے، الیکشن کروانے کی کیا ضرورت ہے؟ پیپلز پارٹی سے نام لیکر اعلان کردیا جائے، یہ اقدامات پاکستان کو تباہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت چلانے کے لئے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی گئی تھی۔ آج بھی شہباز حکومت چلانے کے لئے کھلی چھوٹ دی ہے۔ ریاست پاکستان کے ادارے بھی اس تباہی کے ذمہ دار ہیں۔

پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ این اے 240 میں کالعدم جماعت کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ تجربوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ ضمنی انتخابات میں ماضی کی کالعدم جماعت کھلے عام فائرنگ کرتی رہی۔ آج تک پولیس وہاں نہیں گئی، جن کے لوگ مرے، انہی کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ امن پسند شہری کو پیغام دیا جارہا ہے کہ بغیر اسلحہ آپ کے کوئی بات نہیں سنے گا۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں رہا، مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے : پی ٹی آئی

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکالے جارہے ہیں۔ کراچی کو 13 سال سے پینے کا پانی نہیں دیا، ایک نیا اسکول اور کالج نہیں بنایا گیا، 13 سالوں میں دس نئی بسیں لائے، اس سے زیادہ مالیت کے اشتہارات دیدیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کا حال سامنے ہے، جس طرح ٹیلیفون کمپنیوں کو لائسنس دیئے ایسے ہی بجلی کے محکمے کے ساتھ کیا جانا چاہیئے۔ کمپٹیشن ہوگا تو سروسز بھی بہتر ہوں گی۔ وزیر اعظم کو کہنا چاہتا ہوں کہ کراچی کے جلنے کا انتظار کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ایک دو دن کی بات نہیں سالہا سال سے یہی ہو رہا ہے، پاکستان ایک ٹائم بم بن چکا ہے۔ پاکستان کے غریب لوگ بغاوت پر آگئے تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ اداروں سے کہتا ہوں نیوٹرل سیاست میں رہا جاتا ہے، امن وامان کی صورتحال میں نیوٹرل نہیں رہا جاتا۔ کراچی تباہ ہوگا تو پاکستان کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ افسران کو سیاست میں شامل ہونے کا طریقہ کار طے ہے، اگر دو سال کے بعد وہ سیاست میں آتے ہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔ اگر آج صحیح کام کریں گے تو مستقبل بہتر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 245 ضمنی الیکشن میں پی ایس پی بھرپور حصہ لے گی۔ ضمنی الیکشن میں ہمارے ہیوی ویٹ امیدوار موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کرنا بند کرے۔ الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں کہ نیوٹرل رہیں۔ الیکشن کمیشن کے عمل سے پتہ چل جائے گا کہ وہ نیوٹرل ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بری طرح ناکام ہوگئے۔ انہیں سیاست کو برقرار رکھنے کے لیے سب کرنا پڑ رہا ہے۔ سب ذاتیات کو بہتر کرنے میں لگے ہوئے، قوم کے لیے کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں