الیکشن جلد ہوں گے، آپ کو وہ نہیں پتہ جو ہمیں پتہ ہے : خواجہ آصف

خواجہ آصف

اسلام آباد : خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن جلد ہوں گے اور ہمارے مطالبہ پر ہوں گے، آپ لوگوں کو وہ نہیں پتہ، جو ہمیں پتہ ہے۔ ہمارا حق ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور صدر کے مو اخذے کی تحریک پیش کریں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کے رویے سے جمہوریت کا بیڑا غرق ہوگا۔ ہماری تقاریر کی آواز بند کی جاتی ہے، اگر ہمیں یہاں پر اظہار رائے کی آزادی اس ایوان کی دیواروں میں بھی نہیں ہے، تو میں سمجھتا ہوں کہ اس ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 65 ہزار جعلی ووٹوں سے نااہل قرار دیئے گئے شخص نے کل اس ایوان کی توہین کی، کل تک اسٹے حرام تھا آج اسٹے حلال ہوگیا ہے۔ اس ایوان میں 12 آرڈیننس بغیر کسی کارروائی کے پاس کیے گئے اور وزیراعظم اپنے دفتر میں بیٹھ کر دیکھتے رہے، جس طرح قانون سازی ہوئی اس پر پورا ایوان شرمسار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : صبر کریں! آپ کو بہت کچھ دیکھنا پڑے گا : پرویز خٹک

خواجہ آصف نے کہا کہ نوزائیدہ لوگوں کی بات کا برا نہیں مناتا، آپ جیسے لوگ نیازی صاحب کو گالیاں پڑواتے ہیں، کل جناب اسپیکر جو آپ کی کرسی پر بیٹھا تھا اس نے بھی گالیاں پڑوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو ہوا وہ اس ایوان کے لیے اچھا شگون نہیں تھا، اس طرح کے رویے رہے تو زیادہ دور نہیں کہ سارا نظام لپیٹ میں آئے۔ جمہوریت کا بیڑا غرق ہوگا۔ پرویز خٹک آپ کا اور ہمارا بیڑا غرق ہوجائے، اس کی کوئی فکر نہیں ہے لیکن اداروں کا جمہوریت کا بیڑا غرق ہوگا۔

سابق وزیر دفاع نے کہا کہ اگر ہمیں یہاں سے انصاف نہ ملا تو ساتھ والی عمارت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، ہم اس امپائر کی انگلی کو نہیں دیکھتے جس کو نیازی صاحب دیکھ رہے تھے۔ ہمارا امپائر وہ ہے جو عدالت میں جج بیٹھا ہے، ہم ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا حق رکھتے ہیں، ہم حق رکھتے ہیں کہ صدر کے مو اخذے کی تحریک پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن جلد ہوں گے اور ہمارے مطالبہ پر ہوں گے، آپ لوگوں کو وہ نہیں پتہ، جو ہمیں پتہ ہے، ہماری تلاشی لی جارہی ہے اورفارن فنڈنگ کی تلاشی پر آپ کی شلواریں گیلی ہورہی ہیں، پی ٹی آئی نے ہندوستانیوں سے پیسے لیے ہیں۔