جی ٹی وی نیٹ ورک
دنیا

امریکہ میں اومی کرون وائرس پر ہنگامی میٹنگ، بوسٹر ڈوز جلد از جلد لگوانے کی اپیل

بوسٹر ڈوز جلد از جلد

واشنگٹن : امریکی حکام اومی کرون وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال میں ہیں اور مزید کسی نقصان سے بچنے کے لیے بوسٹر ڈوز جلد از جلد کی اپیل کر رہے ہیں۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں اومی کرون وائرس پر ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں اومی کرون وائرس کے پھیلنے اور اس کے تحفظ پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : اومی کرون : جی سیون ممالک کا اجلاس طلب، افریقہ پر سفری پابندیوں پر تحفظات

انتھونی فاؤچی نے کہا کہ امریکہ میں ابھی اومی کرون وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے، کینیڈا میں اومی کرون وائرس کے دو کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں نائجیریا سے آئے مسافروں میں نیا وائرس پایا گیا ہے۔ نئے وائرس سے متعلق ٹھوس معلومات دو ہفتوں میں پتہ چل جائیں گی۔ امریکی نئے وائرس سے بچنے کے لیے بوسٹر ڈوز جلد از جلد لگوائیں۔

واضح رہے کہ اومی کرون وائرس کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے پابندی لگانے کے فیصلے پر افریقی ممالک میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے جنوبی افریقی وزیر صحت نے جاری بیان میں کہا تھا کہ کورونا کے باعث سفری پابندیاں غیر منصفانہ ہیں۔ کچھ ممالک کو قربانی کے بکرے کی تلاش ہےْ

جنوبی افریقہ کے صدر صدر سائرل راما فوسا نے بھی سفری پابندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں سے معاشی صورتحال خراب ہو گی۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ وائرس نے غیر ویکسین شدہ افراد کو نشانہ بنایا ہے۔

یورپی یونین ہیلتھ ایجنسی نے اس حوالے سے کہا تھا کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون یورپ میں پھیلنے کا بہت زیادہ امکان ہے۔ ادھر موڈرنا نے اومی کرون کے لیے بوسٹر ویکسین تیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ آگنائزیشن نے آئندہ ہفتے جینیوا میں ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کردیا۔

متعلقہ خبریں