جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی

انگلینڈ

7میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو با آسانی 63 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ کے 222 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکے، شان مسعود 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ انگلش ٹیم نے 3 تبدیلیاں کیں۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، ہیری بروک 35 گیندوں پر 81 اور بین ڈکٹ 42 گیندوں پر 70رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ فل سالٹ 8، ڈیوڈ ملان 14 اور ول جیک 40 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اور رضوان کی شاندار اننگز، پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

انگلینڈ کے 221 رنز کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔اس سے قبل گرین شرٹس کے خلاف سب سے بڑا اسکور 211 رنز سری لنکا کا تھا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاہنواز دھانی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں وکٹ لیے بغیر 62 رنز دیے۔

دھانی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کا دوسرا مہنگا ترین اسپیل کرایا۔

انگلش ٹیم کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ناکام دکھائی دی۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور رضوان 8،8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے, حیدر علی 3 ، افتخار احمد 6 اور خوشدل شاہ 29 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔

اس کے علاوہ محمد نواز 19 اور عثمان قادر صفر پر آؤٹ ہوئے، اس دوران شان مسعود نے کچھ مزاحمت کی اور 40 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی پر وہ بھی پاکستان ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 3 اور عادل رشید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یوں انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 63 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

متعلقہ خبریں