جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

انگلینڈ کیخلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا: محمد حفیظ

انگلینڈ

لاہور: محمد حفیظ نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا، ضرورت پڑی تو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کے لیے خدمات حاضر ہوں گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان اور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کا ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیم میں انتخاب پر بہت خوش ہوں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ پاکستان ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کروں، ضرورت پڑی تو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کے لیے خدمات حاضر ہوں گی، مینجمنٹ نے جس نمبر پر بھی کھلایا، حاضر ہوں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ پاکستان کے لیے کرکٹ کی نئی راہیں کھولے گا، کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہوں، جب تک سمجھا پاکستان کے لیے کھیلتا رہوں گا، اگلے عالمی کپ میں شرکت بھی خواہش ہے اور عالمی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات اور قوانین کی وجہ سے کرکٹ کی خوبصورتی ختم ہو گئی ہے لیکن ہمیں کرکٹ کی بہتری کے لیے ترامیم کو قبول کرنا ہوگا، گیند کو چمکانے سے روکنے کی تبدیلی کو قبول کرنا چاہیئے اور ترامیم پر اعتراضات سے اجتناب برتنا ہوگا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ زیادہ عمر کی وجہ سے کھلاڑی کو ٹیم سے نکالنا نہیں چاہیئے، ٹیم کے انتخاب میں فٹنس اور کارکردگی دیکھی جائے۔

سینیئر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ دوران انگلینڈ کے لیے ٹیم کے انتخاب پر چیف سلیکٹر زیادہ بہتر جواب دے سکتے ہیں، حالات کے مطابق ہی پاکستان ٹیم بنی ہے۔ ٹیم منجمنٹ سپراسٹارز پر مشتمل ہے اور امید ہے کہ ٹیم منجمنٹ بہتر نتائج دے گی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے منجمنٹ میں زیادہ تر پاکستانیوں کی موجودگی پر خوشی ہے اور ٹیم منجمنٹ میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان کے لئے خدمات انجام دیں۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ زندگی میں کبھی ذاتی ریکارڈ کے لئے نہیں کھیلا، ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلنے اور جیتنے کی خواہش رہی۔ سینئرز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ جونیئرز کو ساتھ لے کر چلیں اور میں بھی اپنے جونیئرز کو سکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ 19 میں انگلینڈ اور بھارت کا میچ مجھے مختلف لگا تھا، میچ میں بھارت کی جانب سے کامیابی کی خواہش نظر نہیں آئی تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان کو ایونٹ سے نکالنے کے لیے بھارت جان بوجھ کر ہارا لیکن میچ میں انگلینڈ اور بھارت دونوں کی جانب سے جیت کی کوشش نہیں کی گئی۔ عالمی کپ میں پاکستان اپنی غلطیوں کی وجہ سے باہر ہوا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں گھر والوں کے ساتھ اچھا وقت گزرا، کچن میں داخلے پر لائف ٹائم پابندی ہے بیگم کچن میں آنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ لاک ڈاؤن میں انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کھیلے اور بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزار کر بہت خوشی ہوئی۔

متعلقہ خبریں