برطانیہ کا شاہی جوڑا آج پاکستان پہنچے گا، تیاریاں مکمل

شاہی جوڑا

اسلام آباد: برطانیہ کا شاہی جوڑا پانچ روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے گا۔

برطانیہ کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ طویل دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ شاہی جوڑا آج رات ساڑھے 9 بجے نور خان ائیر بیس پر اترے گا، جہاں ان کے استقبال کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔

شہزادہ اور شہزادی کو سرخ قالین پر خیر مقدم کرنے کے لیئے وفاقی وزراء، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارت کار موجود ہوں گے۔ جوڑے کو اعزازی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے

برطانوی شاہی جوڑا بھاری بھر کم سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچے گا۔ سیکیورٹی ٹیم میں 40 سے زائد ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور طبی عملہ بھی شامل ہے، جبکہ بچے شاہی جوڑے کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔

اس حوالے سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شاہی جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں جائے گا، برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے دورہ سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔


ان کا کہنا تھا کہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں قیام کے دوران مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد سے ملیں گے، جبکہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ لاہور اور شمالی علاقہ جات کا دورہ اور پاکستانی نوجوانوں سے بھی ملاقات ہوگی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری طرف وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ خیرسگالی کا ہے۔ امید ہے برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ بہت اچھا رہے گا۔ شہزادہ ولیم مستقبل کے کنگ ہیں، مگر سرکاری دورہ نہیں کہا جاسکتا ہے۔

شاہی مہمان 18 اکتوبر کو واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے۔