اسلام آباد : آصف زرداری نے جیالوں کو دوسرے مرحلے کیلئے کمر کسنے کی ہدایت کردی ہے۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں پی پی پی کی تاریخی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ہے۔
آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے، عوام کے اعتماد کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیالوں، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی کمر کس لو، فتح آپ کی منتظر ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے بلدیاتی مساٸل حل اور اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے چودہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی کا کلین سوئپ
بلاول بھٹو زداری کا کہنا تھا کہ جیالے امیدواروں کی واضح کامیابی عوام کا تیر پر اعتماد ہے۔ سندھ کے عوام نے ووٹ دے کر دراصل اپنی ترقی اور خوش حالی کے تسلسل پر مہر لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں غیر معمولی کامیابی اگلے عام انتخابات میں پی پی پی کی کامیابی کا نوشتہ دیوار ہیں۔ ابتدائی قدم ہے، یہ پی پی پی ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔