جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی

سماعت 6 اپریل تک

اسلام آباد : فیصل واؤڈا کے وکیل نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ کمیشن پہلے سے ہی مائنڈ بناکر بیٹھا ہے، الیکشن کمیشن نے فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن میں سینیٹر فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے تحقیقات کی۔

فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ وکیل جہانگیر جدون نے اپنے مؤکل کی درخواست کی کاپی نہیں دی۔ وکیل جہانگیر جدون جب تک اس کیس میں پارٹی نہیں بنتے ان کو دلائل دینے کا حق نہیں۔ این اے 249 سے فیصل واؤڈا استعفی دے چکے ہیں، درخواستیں غیر مؤثر ہوچکی ہے۔

سینیٹر کے وکیل نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے تینوں سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں، اب فیصل واؤڈا سنیٹر منتخب ہوچکے ہیں۔ سپریم کورٹ بار بار کہہ چکا ہے باسٹھ ون ایف پر الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں۔

ممبر کے پی کے ارشاد قیصر نے کہا کہ ایک دفعہ کی نااہلی ہمیشہ کی نااہلی ہوتی ہے۔ فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ کمیشن پہلے سے ہی مائنڈ بناکر بیٹھا ہے، آپ مائنڈ نہ بنائیں، میری گزارشات سنیں۔

ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ آپ کا کیا مطلب ہے کہ ہم مائنڈ بناکر بیٹھے ہیں، مائنڈ بنا ہوتا تو یہ کیس ایک سال نہ چلتا، اگر مائنڈ بناکر بیٹھے ہوتے تو کیا کیس اتنا وقت لیتے؟ آپ کو بار بار مواقع دیئے گئے اور آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم مائنڈ بناکر بیٹھے ہیں۔

سینیٹر فیصل واؤڈا خود روسٹرم پر آگئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میرے حلف نامہ سے متعلق الیکشن کمیشن کو تحقیقات کا کہا ہے۔ الیکشن کمیشن میرے حلف نامہ پر تحقیقات کرا لے کہ میں نے جھوٹ بولا یا نہیں۔ میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہا جیسے میں نے کوئی چوری کی ہے۔

فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ سعدیہ عباسی یا دیگر کو سپریم کورٹ نے اس لیے نااہل کیا کیونکہ وہ اپنی نشست پر موجود تھیں۔ میں این اے 249 سے استعفی دے چکا ہوں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فیصل واؤڈا یہاں آکر تقریر کررہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ جذباتی نہ ہوں، اپنا دفاع کرنا فیصل واؤڈا کا حق ہے۔ فیصل واؤڈا صاحب آپ کو پورا موقع دینگے، آپ کو آپ کے وکیل کے دلائل کے بعد سنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست، سندھ ہائی کورٹ نے جامع جواب طلب کرلیا

ممبر پنجاب نے کہا کہ آپ اپنے الفاظ واپس لیں، اس پر پھانسی کا کوئی قانون موجود نہیں۔ فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کے مطابق حلف نامہ پر تحقیقات کررہا ہے؟ فیصل واؤڈا کے مخالف درخواستیں مسترد کی جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ نہ کریں۔ وکیل نے کہا کہ میں نے آپ کو سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیا ہے۔

ممبر کے پی کے ارشاد قیصر نے کہا کہ ہم کسی کی پارٹی دیکھتے ہیں نہ شکل، ہم صرف قانون کی کتابوں کو دیکھتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت دی کہ درخواستوں کے غیر موثر ہونے پر دلائل دیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کیس کی فائل درخواست گزار قادر خان مندوخیل کے پاس ہے۔ ممبر پنجاب نے کہا کہ آپ پھر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دیتے۔ ہم فیصلہ دے دیں اور قادر خان مندوخیل حلف نامہ پیش کردیں کہ یہ میرے وکیل نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فیصل واؤڈا کے قومی اسمبلی نشست پر استعفی کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی ہے، درخواستوں کے غیر موثر ہونے پر دلائل دیں۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر کسی فیصلہ تک پہنچیں گے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم آئندہ سماعت پر فیصل واؤڈا کیخلاف درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر دلائل دینگے۔ آج فیصل واؤڈا نے نئی درخواست دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے سنیٹ کے امیدوار دوست علی جیسر کی درخواست پر جواب طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں