جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست، سندھ ہائی کورٹ نے جامع جواب طلب کرلیا

جامع جواب طلب

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماء فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد اور نمائندہ الیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ لائیں، کہاں ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ؟ شکایت کنندگان کی جانب سے وکلاء کون ہیں؟ فیصل واؤڈا کے وکیل معیز احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ پیش کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیصل واؤڈا کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

عدالت نے کہا کہ یہ بتائیں، جھوٹا حلف نامہ یا حقائق چھپانے پر قانون کیا کہتا ہے۔ نمائندہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے فیصل واؤڈا سے بہت سادہ سے سوال کیے، مگر فیصل واؤڈا نے سوالات کے جوابات نہیں دے سکے۔

فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن میرے مؤکل سے سوال نہیں کرسکتا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے فیصل واؤڈا کو کتنی بار بلایا؟ نمائندہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کئی بار طلب کیا، آخری بار کو 50 ہزار کا جرمانہ بھی کیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ فی الحال الیکشن کمیشن کی کارروائی نہیں روک سکتے۔ پہلے الیکشن کمیشن کا جواب آنے دیں۔

عدالت نے فیصل واؤڈا کیس کی سماعت 31 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں