جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

مزار قائد بے حرمتی کیس : فیاض الحسن چوہان کا مریم نواز کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ

گرفتار مریم

لاہور : فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، کیپٹن صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے بیگم صفدر اعوان کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کا منطقی انجام کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری ہی تھا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بیگم صفدر اعوان کو بھی بانی پاکستان کے مزار کی بے توقیری پر گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے عدالتوں اور عوام سے ذلت و رسوائی ملنے کے بعد اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام "ووٹ” رکھ لیا ہے۔

آج کل وہ ہر جگہ اس ذلت کا ازالہ کرنے کے لیے "ووٹ کو عزت دو” کی منتیں، ترلے اور غزلیں پڑھ رہی ہیں۔ اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزار قائد بے حرمتی کیس : علی زیدی کا ایف آئی آر میں نامزد دیگر افراد کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اعوان کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے، اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہیئے تھی، لیکن یہاں بھی انہوں نے اپنے پاگل، سرپھرے، عقل سے عاری اور دو ہزار ریال کے ملازم خاوند کے ذریعے بدتہذیبی کا ماحول گرم کیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے بیگم صفدر اعوان اپنے اس قبیح فعل پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی، لیکن ‘‘حادثے سے بڑا حادثہ یہ ہوا، لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر’’ کے مصداق بیگم صفدر اعوان کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا مزار قائد پر کیپٹن صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے بیگم صفدر اعوان کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔ کئی ہفتے سے پیشن گوئی کر رہا ہوں، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیاناس کر دے گا۔ عوام دیکھ رہی ہے، ہر آنے والے دن کے ساتھ میم لیگ آل شریف اور ن لیگ کے لیے مزید رسوائی لے کر آ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں