جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پی ٹی آئی غریبوں کے نام پر سیاست نہیں، خدمت کرنے آئی ہے : فیاض الحسن چوہان

پی ٹی آئی غریبوں

لاہور : فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت وزیرِ اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بڑے شہروں میں پناہ گاہیں قائم کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی غریبوں کے نام پر سیاست نہیں، خدمت کرنے آئی ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شدید سردی کے موسم میں پناہ گاہوں کا قیام وزیرِ اعظم عمران خان کی انسان دوستی کا ثبوت ہے۔ بزدار حکومت وزیرِ اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بڑے شہروں میں پناہ گاہیں قائم کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لیگی ترجمانوں کا پناہ گاہوں کو تنقید کا نشانہ بنانا غریب دشمنی ہے : فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ نادار اور بے گھر لوگ حکومت کے اس اقدام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ عثمان بزدار کی ہدایات پر لاہور میں پانچ پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ صرف ماہ دسمبر میں تقریباً سوا لاکھ بے آسرا لوگوں نے پناہ گاہوں میں قیام و طعام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات پر لوگوں کو پناہ گاہوں میں لانے کے لیے شٹل سروس بھی کام کر رہی ہے۔ ہر سال شدید سرد موسم میں کئی لوگ فٹ پاتھوں پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔ اپوزیشن دل بڑا کرے، نادار لوگوں کو سہولتیں دینے پر منفی سیاست نہ کرے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بارہا دہرا چکا ہوں، عمران خان جو بھی کریں گے اپوزیشن صرف مخالفت کرے گی۔ جو لوگ زلزلہ زدگان کی امداد کھا گئے، انہیں یہ کامیاب اسکیم کیسے ہضم ہوگی۔ پی ٹی آئی غریبوں کے نام پر سیاست نہیں، خدمت کرنے آئی ہے۔

متعلقہ خبریں