جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

مولانا فضل الرحمنٰ کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے : فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے، لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی، کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے ادارے ملک کی قوت اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کی بہکی بہکی باتیں ان کی مایوسی کا واضح اظہار ہیں۔

سماجی میڈیا ٹوئٹر پر جے یو آئی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ آزادی مارچ کی ناکامی کا صدمہ مولانا صاحب برداشت نہیں کر پائے۔ اپنی اور اپنے کارکنان کی توانائیاں مزید ضائع کرنے کی بجائے 2023 تک آرام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا آپ آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے، لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی۔ آپ کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں۔ مولانا صاحب ایک سیٹ کی خاطر کیوں خود کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں؟

پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان مذاکرات کا آغاز، وفد قومی اسمبلی کا دورہ کرے گا

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی پر سیاست کرنے والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کردے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان دشمنی اور اقتدار کی ہوس میں یہ اندھے ہو چکے ہیں۔ عوام نے انتخابات میں جن کی کشتی ڈبوئی تھی وہ اقتدار کی کشتی سے محرومی کا غم کسی اور طرح دور کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ذاتی ریلیف کیلئے عوام کے ریلیف کا واویلا مچانے والوں کو قوم خوب جانتی ہے۔ ان کا بویا ہوا آج مہنگائی کی صورت پوری قوم کاٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی ریلیف لے کر بھاگ جانا ان کی پہچان ہے۔ قوم کو قرض کی دلدل میں پھنسانے والے آج عوام کے ہمدرد بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا بے حد احساس اور درد ہے اور وہ انہیں ریلیف دینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

متعلقہ خبریں