فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمان کو سیاست کا بارہواں کھلاڑی قرار دے دیا

اسلام آباد: فردوس عاشق نے کہا ہے کہ کرپشن کے سمندر میں غوطے کھانے والی (ن) لیگ اپنے اعمال کے بھنور میں پھنس چکی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرپشن کے سمندر میں غوطے کھانے والی (ن) لیگ اپنے اعمال کے بھنور میں پھنس چکی ہے۔عوام کے مال کو جونکوں کی طرح  چوسنے والوں نے آج پھر اثاثے بچاؤ بیٹھک لگا لی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے عدالتوں میں اپنی بے گناہی کا ثبوت کیوں نہیں دے دیتے؟ موروثی سیاسی گھرانوں کی سیاست ڈوب رہی ہے۔ سیاسی گراؤنڈ کے بارہویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمان ان کی  کشتی کیسے پار کریں گے؟ جو خود پارلیمان سے باہر ہوں وہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی میں کیا معاونت کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف انتقامی کاروائیاں کرنے والے کس منہ سے کسی اور کو الزام دیتے ہیں۔ نئے پاکستان میں ادارے بااختیار اور قانون مافیا کے چنگل سے آزاد ہو چکا ہے۔