جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

خدا راہ اس ملک سے مزید نہ کھیلیں، استعفی دیں اور گھر جائیں: احسن اقبال

احسن

نارووال: احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بجلی شٹ ڈاؤن نے ثابت کردیا ہے کہ یہ حکومت نالائق اور نااہل ہے، خدا راہ اس ملک سے مزید نہ کھیلیں، استعفی دیں اور گھر جائیں۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کا نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حالیہ بدترین بجلی شٹ ڈاؤن نے ثابت کردیا ہے کہ یہ حکومت نالائق اور نااہل ہے، ان کے پاس ملک چلانے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت دن بدن ڈوب رہی ہے نئے نئے بحران پیدا ہو رہے ہیں، عمران نیازی نے سمجھا ملک کو بھی موبائل فون کی طرح ری بوٹ کر کے دیکھا جائے شائد یہ چل جائے۔ اسی لیے انہوں نے پورا پاور کا نظام شٹ ڈاؤن کر کے دوبارہ سٹارٹ کرنے کی کوشش کی ہے۔ عمران صاحب یہ ملک ہے موبائل نہیں جو ری بوٹ کرنے سے چل جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نااہلی کی سزا آج پورا پاکستان ادا کر رہا ہے: مریم اورنگزیب 

ان کا کہنا تھا کہ ملک صلاحیت، سمجھداری، ویژن اور ٹیم سے چلتا ہے، بدقسمتی ہے کہ آپ نے ضد، انا، نفرت اور انتقامی کاروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بجلی کا بحران ناقابل حل ہو تا جا رہا ہے، ملکی زراعت تباہ ہو چکی ہے، صنعت تباہ ہو چکی، ہماری ترقی کی شرع تباہ ہو چکی ہے، خدا راہ اس ملک سے مزید نہ کھیلیں، استعفی دیں اور گھر جائیں۔

متعلقہ خبریں