جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

مولانا خادم حسین رضوی کی تدفین، ہزاروں افراد کی شرکت، مرحوم کے صاحبزادے نئے امیر مقرر

مرحوم کے صاحبزادے

لاہور : مولانا خادم حسین رضوی کی تدفین کردی گئی، جنازے میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مرحوم کے صاحبزادے نئے امیر مقرر کردیئے گئے۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک لاہور میں ادا کی گئی اور پھر مرحوم کی تدفین مسجد رحمت للعالمینﷺ سے منسلک مدرسے میں کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ مینارِ پاکستان گراؤنڈ اور اس کے اطراف میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی۔ مختلف علاقوں سے آئے کارکنوں کو خادم حسین رضوی کا آخری دیدار کرایا گیا۔ اس دوران گراؤنڈ لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا عادل کے قتل میں ملوث مزید دو ملزمان گرفتار

خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لایا گیا۔ راستے میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

نماز جنازہ کے لیے آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی پر مامور رہے۔

خادم حسین رضوی کے صاحبزادے سعد رضوی تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر مقرر کردیئے گئے ہیں۔ حافظ سعد رضوی کی امارت کا اعلان مینارِ پاکستان پر جنازے کے دوران کیا گیا۔

حافظ سعد حسین رضوی، علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کے صاحبزادے ہیں، اس سے قبل ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔

متعلقہ خبریں