جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

وزیر اعظم کا لاک ڈاؤن میں بازار جانا بے وقوف بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں : جے یو آئی

بے وقوف بنانے کی کوشش

اسلام آباد : جے یو آئی کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے دن لاک ڈاؤن ہونے کے باوجود بازار جانا خود کو بے وقوف بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے بغیر پروٹوکول وزیر اعظم کے بازاروں کے چکر لگانے پر رد عمل میں کہا ہے کہ نیازی سرکار بغیر پروٹوکول بازار کا چکر لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے دن لاک ڈاؤن ہونے کے باوجود بازار جانا خود کو بے وقوف بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ عوام کی رائے معلوم کرنی ہے تو ڈرامے بند کرکے میڈیا کی ٹیم لے کر عوام میں جائیں، لگ پتہ جائے گا، نیازی سرکار کتنے پانی میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، کیس میں ایف آئی اے کا کردار نہیں : جہانگیر ترین

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر دورہ بغیر پروٹوکول کے تھا، لیکن اندرون خانہ مکمل پروٹوکول لیا گیا اور قوم پر اس ایک دورے کا بوجھ ڈالا گیا۔

اسلم غوری نے کہا کہ جس حکمران کو ایک کلو کی چینی کے لئے روزے کی حالت میں سخت گرمی میں لائن میں کھڑے عوام کی حالت کا اندازہ نہیں ہو سکا تو وہ بازاروں کے چکر لگانے سے بھی عوام کی حالت کا اندازہ نہیں لگا سکتا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے عوام بلبلا اٹھی، لیکن سلیکٹڈ روز کوئی ڈرامہ کرکے عوام کے جذبات کا مذاق اڑاتے ہیں۔ عوام سمجھدار ہوچکی، نوے کی دہائی والا مذاق اب بند ہونا چاہیے۔ عوام کا قہر اس حکومت کو خس وخاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔

متعلقہ خبریں