کالعدم تنظیموں کی چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد

لاہور(ویب ڈیسک): رمضان المبارک کے دوران کالعدم تنظیموں کے زکوٰۃ اور فطرہ جمع کرنے پر پابندی، فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ شہر میں پچہتر کالعدم تنظیموں کی چندے جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 

کالعدم تنظیموں کی معاونت یا مالی امداد قابل سزا جرم ہے۔ کالعدم قرار دی گئی ان تنظیموں میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد، جیش محمد، سپاہ صحابہ پاکستان شامل ہیں۔ القاعدہ ، تحریک طالبان حزب التحریر سمیت 75 تنظیموں پر زکوۃ اور فطرہ جمع کرنے پر پابندی ہے۔

حکومت نے ان کالعدم تنظیموں کے 589 مدارس، اسکولز، ڈسپنسریاں اور ایمبولینسز تحویل میں لے رکھی ہیں۔ کالعدم تنظیموں کی معاونت یا مالی امداد پر 10 سال قید اور جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے۔