عمران نیازی کے جھوٹ پر بھی کمیشن بننا چاہیے : حمزہ شہباز

لاہور: حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے میں بے ضابطگیوں اور عمران نیازی کے جھوٹ پر بھی کمیشن بننا چاہیے۔

پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پروڈکشن آرڈر پر بجٹ اجلاس میں شرکت کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پشاور بی آرٹی منصوبہ عجوبہ بن گیا ہے، اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہونا چاہیے، ایک کھرب میں ہم نے پنجاب میں تین میٹرو بسز بنائیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ بی آرٹی کا بجٹ ایک کھرب سے تجاوز کر گیا ہے، بی آر ٹی تعمیر کے دوران ایک خاتون بھی جاں بحق ہوئی، پشاور حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق 7 ارب کا غبن ہوا ہے۔

پنجاب کے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے میں بے ضابطگیوں اور عمران نیازی کے جھوٹ پر بھی کمیشن بننا چاہیے، مانگے تانگے کی حکومت نے جتنا حساب کرنا تھا کرلیا، اب ان کا یوم حساب آنے والا ہے، مہنگائی سے جو عوام کی کمر توڑی ہے، اس سے ان کا یوم حساب قریب آ چکا ہے۔