جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ہڑتالی ڈاکٹر عدالت طلب، ہڑتال ختم کرائیں گے : لاہور ہائی کورٹ

ڈاکٹروں کی

لاہور : ہائی کورٹ نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کے خلاف درخواست کی سماعت پر احتجاجی ڈاکٹروں کو طلب کرلیا، جج نے ریمارکس دیئے کہ عدالت ہر صورت ہڑتال ختم کرائے گی۔ قانون کی عمل داری کے اس معاملے میں عدالت انتظامیہ کے ساتھ ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ینگ ڈاکٹرز کی قیادت کو طلب کرلیا۔ عدالت نے صدر لاہور ہائیکورٹ بار کو بھی فوری طور پر طلب کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت ہر صورت ہڑتال ختم کرائے گی۔ کیوں نہ ہڑتال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا جائے۔ قانون کی عمل داری کے اس معاملے میں عدالت انتظامیہ کے ساتھ ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ہڑتالیوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ابھی تک کیوں نہیں کی گئی؟ ڈاکٹروں کے لائسنس ہیں تو انہیں کینسل کیوں نہیں کیا گیا؟ پاکستان میڈیکل کمیشن نے ابھی تک ان کے لائسنس کیوں منسوخ نہیں کئے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں پروفیشنل ہڑتال پر نہیں جاتے۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اسپتال کسی کے لئے دستیاب ہی نہیں ہیں۔ عدالتیں موجود ہیں تو پھر ہڑتال کیوں کی گئی؟ اگر ڈاکٹروں کے اعتراضات تھے تو عدالت سے رجوع کرتے۔ عدالت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ٹی آئی ایکٹ، ڈاکٹروں پر تشدد، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں احتجاج

عدالت نے استفسار کیا کہ ہڑتال پر جانے والے کون لوگ ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ پیرا میڈیکس بھی شامل ہو کر سڑکیں بند کر دیتے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت نے بتایا کہ دس اکتوبر سے ڈاکٹر ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف احتجاج پر ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ایسا کوئی قانون نہیں بن سکتا جو عوام کے بنیادی حقوق کے خلاف ہو۔ قانون بنا نہیں تو فریقین کا مؤقف سنے بغیر آرڈیننس جاری کردیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری صحت نے بتایا کہ سارے فریقین کا مؤقف سن کر ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم کی گئیں، جس پر عدالت نے کہا کہ پھر بھی ڈاکٹر کیوں ہڑتال پر ہیں۔ وکیل درخواست گزار ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سیاسی مقاصد ہیں۔

متعلقہ خبریں