جی ٹی وی نیٹ ورک
دلچسپ و عجیب

بیوی کو کاٹنے پر شہری نے پڑوسی کے کتے کو گولی ماردی

کتے

اندور: بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ایک شہری نے بیوی کو کاٹنے پر پڑوسی کے کتے کو گولی ماردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں جمعرات کے روز ایک شخص نے اپنے پڑوسی کے پالتو کتے کو گولی مار کر ہلاک کیا۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق پڑوسی مالک نے کتے کی ہلاکت کے خلاف اندور تھانے میں نریندرا وشاویا کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر کی۔

پولیس نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد انڈین پینل کوڈ کی دفعہ کے تحت نریندرا کے خلاف مقدمہ درج کیا اور پھر اُسے حراست میں لیا۔

تفتیشی افسر منیش ماہور نے بتایا کہ ’نریندرا اوشاویا اندور کے علاقے سوداما نگر کا رہائشی ہے، جس نے اپنی لائسنس والی رائفل سے کتے کو بدھ کی رات گولی ماری تھی‘۔

یہ بھی پڑھیں: کتے کو غباروں سے باندھ کر ہوا میں اُڑانا بھارتی یوٹیوبر کو مہنگا پڑ گیا

نریندرا نے بتایا کہ ’کتے نے اہلیہ کو کاٹ لیا تھا، جس کے بعد میں مشتعل ہوا اور گھر سے پستول لاکر اُس پر فائر کردیا‘۔

مالک نے بتایا کہ کتے کی گردن میں گولی لگی تھی، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا۔

نریندرا کا کہنا تھا کہ ’اس کتے نے کئی مقامی شہریوں کو کاٹا تھا، جس پر مالک کو شکایت بھی کی مگر اُس نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا‘۔

پولیس حکام کے مطابق کتے کی دیگر شہریوں کو کاٹنے کی بات سچ ثابت ہوئی، جس پر مالک کے خلاف اب قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں