جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

ہائیکورٹ کے باہر رکشے میں دھماکا، پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی: پشاور

ہائیکورٹ

پشاور: ہائیکورٹ کے باہر رکشے میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پشاور ہائیکورٹ کے سامنے تخریبی کارروائی کی کوشش ناکام ہوگئی ہے، ہائی کورٹ کے باہر رکشے میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہوئیں، ریسکیو اور ایدھی کی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں چیک پوسٹ کے قریب گاڑی میں دھماکہ، 2 افراد زخمی

دھماکے کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ایس ایس پی آپریشن اور سی سی پی او پشاور بھی فوری طور پر موقع پر پہنچے جہاں انہوں نے دھماکے کی جگہ کا جائزہ لیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں چار سے پانچ کلو دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال ہوا تھا، مزید تفتیش کے لئے اہم شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

دھماکے کے وقت رکشہ ڈرائیور بھی رکشے میں موجود تھا، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں