خزانے کی خاطر بیوی کو 50 دن تک بھوکا رکھنے والا شوہر گرفتار

مہاراشٹرا : بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع چندراپور میں شوہر نے چھپے خزانے کی تلاش میں بیوی کو 50 دن تک بھوکا رکھا، جسے گرفتار کرلیا ہے۔

مقامی پولیس سٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ایس پی بورکیوٹ نے واقعہ کے متعلق میڈیا کو بتایا کہ دونوں کی شادی گزشتہ سال ہوئی تھی اور ایک پنڈت نے اس کے سسرال والوں کو مشورہ دیا کہ ہندو رسومات کے تحت بیوی کو 50 دن تک بھوکا رکھنے پر شوہر کو چھپے ہوئے خزانے کو حاصل کرنے میں کامیابی ملے گی۔

پنڈت کے کہنے کے بعد شادی کے پہلے روز سے ہی خاتون کو زبردستی رسم و رواج کا پابند بنانے کے لئے ہراساں کیا جاتا رہا۔ خاتون جسمانی اور ذہنی طور پر دباﺅ کا شکار تھی اور زندہ رہنے کے لئے 50 دن تک زبردستی کم خوراک پر گزارا کیا۔

خاتون کو دن کے اوقات میں روزانہ صبح سے شام تک پوجا کرنے کے لئے کہا جاتا اور رسومات کے دوران اسے کوئی بھی غلطی کرنے پر زدوکوب کیا جاتا تھا۔

پولیس کے مطابق سسرال والوں نے والدین سے بات نہ کرنے کے لئے بہو کا فون بھی چھین لیا، تاہم شک ہونے پر باپ بیٹی کے سسرال پہنچ گیا، جس پر وہ اپنی بیٹی کی خراب حالت دیکھ کر اسے اپنے ساتھ لے گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر مہاراشٹرا کی کمیٹی نے پولیس سے اس کے شوہر، سسرال والوں اور دیگر کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے رابطہ کیا، جس کے بعد خاتون کے شوہر اور پنڈت کو گرفتار کر لیا گیا۔