جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

کینیڈین ولاگر روزی گیبریل سیاحتی مقام ہنزہ میں کچرہ دیکھ کر نالاں

ولاگر روزی

 پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں اجاگر کرنے والی کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے ملک کے سیاحتی مقام ہنزہ کو کچرے سے آلودہ دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح آپ اپنے ملک کو برباد کر رہے ہیں۔

روزی گیبریل اس وقت وادی ہنزہ میں ہیں اور کچھ مقامی افراد نے وہاں موجود کچرے اور آلودگی سے متعلق اپنے خدشات ان سے بیان کیے اور اُمید کا اظہار کیا کہ وہ ان کی مدد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں گی۔

انہوں نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر اور سکرین شاٹس پر مشتمل طویل پوسٹ شیئر کی اور اسے  نارتھ کو صاف رکھیں  کا نام دیا۔

کینیڈین ولاگر کی پوسٹ میں میوزک فیسٹیول میں جانے والے افراد کی جانب سے آلودگی پھیلانے کی تصاویر اور مقامی افراد کے ساتھ گفتگو کے سکرین شاٹس شیئر کیے۔

مقامی افراد کی جانب سے سیاحوں کی جانب سے بیہودگی اور آلودگی پھیلانے کی شکایت کی گئی۔ انہوں نے شکایت کی کہ کس طرح وادی ہنزہ میں سیاح  فحاشی  اور  منشیات کلچر  پھیلارہے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ان چیزوں کو فن و تفریح کی آڑ میں پھیلایا جارہا ہے اور انہیں اپنی اقدار کے متاثر ہونے کا خطرہ درپیش ہے۔

عامر خان فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ میں کس روپ میں نظر آئیں گے؟

روزی گیبریل نے انسٹا گرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لکھا کہ عالمی سفر کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے لوگ شمالی علاقہ جات جانے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن وہ اپنے ساتھ  برے رویے، منشیات، فحاشی، ڈانس پارٹیز لا رہے ہیں اور بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں۔

انہوں نے ملک کے شمالی علاقوں کے سفر سے متعلق تجربہ بھی بیان کیا اور کہا کہ وہ مقامی سیاحوں سے پریشان ہوئی تھیں اور انہیں دیگر مقام تلاش کرنے پڑے تھے۔ میں سمجھتی ہوں ایک مشکل سال کے بعد لوگوں کو سفر کرنے اور خود کو وقت دینے کی ضرورت ہے لیکن نشاندہی کی کہ لوگ جن مقامات کی سیر کررہے ہیں انہیں تباہ کریں۔ مقامی افراد کو سیاحوں کا استقبال کرنا اچھا لگتا ہے لیکن انہیں یہ سب پسند نہیں۔


انہوں نے کہا کہ مقامی افراد میوزیکل ایونٹس اور ورکشاپس کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن اب جو ہورہا ہے اسے ثقافت کے لیے خطرہ سمجھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ روزی گیبریل 2018 میں پاکستان آئیں تھی اور اس وقت ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام خدشات اور لوگوں کے روکنے کے باوجود پاکستان آئی ہیں اور وہ یہاں کے 40 مقامات کی سیر کرکے دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی دکھائیں گی۔

کینیڈین ولاگر اور سیاح خاتون نے بعد ازاں لاہور، قصور، ملتان اور گوادر سمیت شمالی علاقہ جات کا بھی سفر کیا تھا اور انہوں نے وہاں جاکر ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔

روزی گیبریل تقریباً 14 ماہ پاکستان میں رہیں اور بعدازاں انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اسلام قبول کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں