جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ہمارے ساتھ اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے مطالبات پورے کر کے آئے

مولانا

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف اور آصف زرداری کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے، پی ڈی ایم سب جماعتوں کا اپنا اپنا موقف ہے لیکن فیصلے مشترکہ اور متفقہ ہوتے ہیں۔

جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے غیر رسمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں کر رہی، ہمارے ساتھ اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے مطالبات پورے کر کے آئے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے لیکن اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آ رہا، عدم اعتماد کا آپشن پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلز پارٹی کو کہا ہے کہ وہ عدم اعتماد پر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم پرجوش ہیں، حکومت راستے نہیں کھولتی تو کنٹینٹر اٹھا کر پھینک دیتے : مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑنے کی تجویز ہے جس پر بات چیت ہو رہی ہے، پی ڈی ایم سب جماعتوں کا اپنا اپنا موقف ہے لیکن فیصلے مشترکہ اور متفقہ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور آصف زرداری سے تواتر سے رابطہ ہوتا رہتا ہے، دونوں رہنما حکومت کی رخصتی پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں، میاں نواز شریف اور آصف زرداری کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے صحافی کے سوال ، کیا آپ بختاور بھٹو کی شادی میں جا رہے؟ پر کہنا تھا کہ مجھے تو ابھی تک دعوت نامہ ہی نہیں ملا، پوچھا گیا کہ سنا ہے بڑی بڑی شخصیات کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں؟ مولانا نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ کس کس کو بلایا۔

متعلقہ خبریں