جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے کیلئے تیار ہے: آصفہ بھٹو

آصفہ

ملتان: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم آر ڈی کی طرح پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے۔ ہم اس سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو بچائیں گے۔

پی ڈی ایم کے جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرنے والی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا، اب حکومت کو جانا ہوگا۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر جیالوں کی آمد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا، میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ سلکیٹڈ حکومت کے ظلم و جبر کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست کے لیے رکھی تھی اور وہ اس مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا مشن جاری رکھا اور اس راہ میں شہادتیں قبول کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان؛ پی ڈی ایم جلسہ، پولیس ڈنڈے استعمال کر رہی ہے تو کارکن بھی کریں: مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے عوامی جدوجہد جاری رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایسے وقت پر آپ کے سامنے آئی ہوں جب پارٹی چیئرمین اور میرے بھائی بلاول کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ ایم آر ڈی کی طرح پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلا اعلان ہے روک سکتے ہیں تو روک لیں، ملتان کا جلسہ ہوگا : مریم اورنگزیب

آصفہ بھٹو نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اگر ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے اور اس عمل میں جدوجہد کے لیے تیار ہے۔ ہم اس سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو بچائیں گے۔

متعلقہ خبریں