جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کا سمندر سب کچھ بہانے اسلام آباد آ رہا ہے: عمران خان

عوام

مردان: عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کا سمندر اسلام آباد آ رہا ہے اور عوام کا یہ سمندر سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مردان کے لوگوں کےجذبے اور جنون کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مردان آنے کا مقصد صرف ایک ہے جب کال دوں اسلام آباد آنا ہے، اسلام آباد سیاست کیلئے نہیں، انقلاب کیلئے بلارہا ہوں، نوجوانوں کو خاص طور پر اسلام آباد مارچ میں شرکت کرنی ہے، میری عمر سے جو بھی کم ہے وہ نوجوان ہے، 70سال سے کم عمر افراد نوجوان ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے والدین کہتے تھے تحریک پاکستان میں عورتیں، بچے اور بزرگ سب شامل تھے، پاکستان کی قیادت کون کرے گا یہ فیصلہ عوام کرے گی، امریکا کے غلاموں سے اس ملک کو آزاد کرنا ہے، ڈاکوؤں کے ٹولے سے بھی ملک کی جان چھڑانی ہے، یہ تھری اسٹوجز جن میں ڈاکو، زرداری بڑی بیماری اور ڈیزل شامل ہے، ڈیزل نے آتے ہی وہ وزارت لی جس میں کمائی ہو، اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کا سمندر اسلام آباد آ رہا ہے اور عوام کا یہ سمندر سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مل کر سازش کی گئی، امریکا کے ایک چھوٹے سے سرکاری افسر نے مجھے ہٹانے کی دھمکی دی، ڈونلڈ لو نے کہا عمران خان کو نہ ہٹایا تو تمہیں نقصان ہو گا، امریکی افسر نے کہا اگر شہباز شریف کو بٹھا دیا تو پاکستان کو معاف کر دیں گے، ہم امریکیوں کے نوکر اور غلام نہیں ہیں، شہباز شریف بوٹ پالش اور آصف زرداری امریکیوں کے غلام ہیں، ڈیزل نے امریکی سفارت کار کو کہا مجھے موقع دے دیں میں بہتر خدمت کروں گا، یہ لوگ امریکیوں کے غلام ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے زیادہ بزدل آدمی کبھی زندگی میں نہیں دیکھا، نواز شریف ہر وقت ملک سے بھاگ جاتا ہے، ہم اس کی امت ہیں جو دنیا کی تاریخ کا عظیم ترین لیڈر تھا، خوف کی زنجیر انسان کو پرواز نہیں کرنے دیتی، کوئی اس وقت تک بڑا جنرل نہیں بن سکتا جب تک وہ خوف ختم نہ کر دے، غلام کبھی بڑا کام نہیں کر سکتا، صرف آزاد آدمی بڑے کام کرتا ہے، ہمارے اوپر بٹھائے گئے امریکا کے غلام کبھی قوم کو عظیم قوم نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی یہ چور 10 سال حکومت کر چکے تھے، ان لوگوں نے اداروں کو تباہ کیا، معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا، جو ملک دوسروں سے قرضے، امداد لیتا ہے اس کی عزت نہیں رہتی، میرے لیے بڑے شرمندگی کا وقت تھا جب دوسرے ملکوں سے قرضے مانگے، دوست ممالک سے پیسے مانگے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، جب سازش کا پتہ چلا تو سازش روکنے والوں کو بتایا، بتایا کہ سازش کامیاب ہوئی تو معیشت گرجائے گی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس سازش کو نہیں روکا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: میں نے نیوٹرلز کو خبردار کیا تھا کہ سازش کامیاب ہوئی تو معیشت ڈوب جائے گی : عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے کہتا ہوں صدر کے خط پر ایک کمیشن بٹھائیں، امریکا جو مدد کرے گا اس کے بدلے کچھ قیمت ہو گی، ان کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار شہری شہید ہوئے، ہمیں اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کرنا ہے، ہم کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ہمیں روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل مل رہا تھا، ہم پیٹرول اور فضل الرحمان سستا بیچ سکتے تھے، ہمیں گندم بھی 20 فیصد سستی مل رہی تھی، یہ سستی چیزیں نہیں خرید سکتے کیونکہ انہیں حکم نہیں ہے، اب غلام اوپر بیٹھے ہیں انہیں وہی کرنا پڑے گا جو امریکا کہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آتے ہی ڈاکٹر رضوان کو تبدیل کیا، حمزہ شہباز نے ڈاکٹر رضوان کو دھمکیاں دیں، جب ادارے تباہ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے، الیکشن کمشنر انہیں بچانے کیلئے قانون ڈھونڈ رہا ہے، الیکشن کمشنر یہ قانونی نہیں ، اخلاقی مسئلہ ہے، آپ نے ان لوٹوں کو بچایا تو قوم آپ کو بھی معاف نہیں کرے گی۔

متعلقہ خبریں