جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کو بددیانت اور جانبدار قرار دیدیا

عمران خان

اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے کسی صورت پیش نہیں ہوں گا، اس ناسور کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس ناسور کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا، آڈیو لیکس کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیے تھا، آڈیو لیکس سے ثابت ہوا کہ ن لیگ اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت ہے، الیکشن کمیشن کے سامنے کسی صورت پیش نہیں ہوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی عمل سے دور کیا جا رہا ہے، الیکشن رولز میں اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے ترمیم ہوئی تو چیلنج کرینگے، اوورسیز پاکستانی اتنے ہی برے لگتے ہیں تو ان سے زرمبادلہ بھی نہ لیں، ای وی ایم روکنے میں مرکزی کردار چیف الیکشن کمشنر کا تھا، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کیسز کا کیا بنا، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو جو ہوگا ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، چیف الیکشن کمشنر، ممبران اور نیب سربراہ کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 100 فیصد یقین کہ مجھے نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے، اسمبلی میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے، پہلے دن سے کہا ہماری اپوزیشن جمہوری نہیں بلکہ کریمنل ہے، سائفر کو پھر زندہ کرنے پر حکومت کا مشکور ہوں، سائفر میں واضح لکھا ہے کہ عمران خان کو ہٹایا جائے، سائفر سے فائدہ اٹھانے والے اس کی تحقیقات کیسے کر سکتے ہیں، چیلنج کرتا ہوں کہ توشہ خانہ کیس کی کھلی سماعت کی جائے، ضمنی الیکشن میں جتنی بھی دھاندلی کر لیں ہم ہی کامیاب ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ملک اور قوم کیساتھ بدترین بددیانتی کی ہے: وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ زیادہ دور نہیں ہے، لانگ مارچ کےلیے پوری تیاری سے آ رہے ہیں، پہلے ہمیں پتا نہیں تھا کہ ہمارے ساتھ کیا سلوک ہوگا، عوام کا سمندر لانگ مارچ میں آئے گا جسے کوئی نہیں روک سکتا، چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ سے مل کر حلقہ بندی کی، چیف الیکشن کمشنر اور جسٹس فائز عیسیٰ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سیاسی انجینئرنگ کرنے والوں کا آلہ کار ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں اندرون سندھ میں سب بڑا انقلاب آئے گا، سکھر گیا تو لوگوں کے ردعمل سے لگا جیسے کشمیر آزاد ہو رہا ہو، اندرون سندھ میں پیپلزپارٹی اب کامیاب نہیں ہوسکتی، سندھ کا سیلاب پیپلزپارٹی کو بہا کر لے گیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے بعد ٹی وی دیکھ رہا تھا نہ ہی موبائل، کرکٹ دور کی ٹریننگ ہے کہ میچ ہارنے کے بعد ٹی وی دیکھو نہ اخبار پڑھو، بشری بی بی نے مجھے اپنے موبائل پر دکھایا کہ کتنی عوام سڑکوں پر ہے، ٹی وی پر بلیک آؤٹ تھا، سوشل میڈیا پر عوام دیکھ کر حیران رہ گیا۔

متعلقہ خبریں