جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

عمران خان نے پنجاب کو واٹس ایپ پر چلنے والا وزیراعلیٰ دیا : عظمیٰ بخاری

عمران خان نے پنجاب کو

لاہور : عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بزدار حکومت ہر مالی سال کے بجٹ میں 9 نئے اسپتال بنانے کا وعدہ کرتی ہے، عمران خان نے پنجاب کو واٹس ایپ پر چلنے والا وزیراعلیٰ دیا۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے فردوس عاشق کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ فردوس میڈم! عمران خان نے پنجاب کو واٹس ایپ پر چلنے والا وزیراعلیٰ دیا اور پنجاب اسمبلی کو ربڑ اسٹمپ بنادیا ہے۔ اڑھائی سال بعد بھی پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹیاں فعال نہیں ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے اڑھائی سالوں میںجو بل پاس کیے وہ سب ردی کے کاغذ سے زائد حیثیت نہیں رکھتے۔ پہلے چیک کرلیں پنجاب اسمبلی سے کتنے آرڈیننس پاس ہوئے۔ بزدار حکومت ہر مالی سال کے بجٹ میں 9 نئے اسپتال بنانے کا وعدہ کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں : فردوس عاشق

ان کا کہنا تھا کہ میرے اپنے سوال کے جواب میں پنجاب اسمبلی میں محکمہ صحت نے اعتراف کیا کہ صرف ایک اسپتال کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ بزدار سرکار کی پوری فلم جھوٹ کے سہارے چل رہی ہے لیکن یہ جھوٹ اب زیادہ دیر تک نہیں چلنے والا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے افتتاح کی بار بار تاریخیں دی جارہی ہے۔ یاد رہے یہ منصوبہ بھی بی آر ٹی کے کنٹریکٹر ہی بنارہے ہیں۔ چھ ماہ سے پوش علاقے کے رہائشی تعمیر مکمل نہ ہونے سے ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ بزدار حکومت ایک انڈرپاس مکمل نہیں ہوا، اب شیرنوالہ گیٹ پر بھی انڈر پاس تعمیر کرنے کا حکم دے رہے ہیں۔ عمران خان لاہور کو بھی پشاور جیسے کھڈوں میں تبدیل کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں