کراچی: شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ریلیف ملنے پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں، عمران خان بیرونی سازش کے تحت ملک پر تھوپا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس ہماری حفاظت کے لیے ہوتی ہے، پولیس عدالتی احکامات پر عمل کررہی ہے، عدالت نے کہا عمران خان کو گرفتار کرکے پیش کریں، عدالتی احکامات پر پولیس گرفتاری کے لیے گئی، پولیس پر ڈنڈے، پتھر، پیٹرول بم برسائے گئے، لاہور میں پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کارکنوں کو زمان پارک میں جمع کیا، عمران خان نے پیغام دیا وہ سب سے بڑے بدمعاش ہیں، آپ چاہتے ہیں ملک کا قانون اور آئین غلام بن کر رہے، پولیس کو زخمی کرنے والے شخص کو ضمانت مل گئی، عمران خان نے گرفتاری کے خوف سے ڈراما کیا، پوری ریاست کو یرغمال بنایا گیا، عمران خان نے ملک میں انارکی پھیلائی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس زمان پارک کا گیٹ توڑ کر اندر داخل، ممنوعہ سامان برآمد، 40 کارکنان گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے جتھوں نے نوگو ایریا بنایا ہوا تھا، عمران خان کو ریلیف ملنے پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں، عمران خان بیرونی سازش کے تحت ملک پر تھوپا گیا ہے، صدر مملکت نام لیں عمران خان کے خلاف سازش کون کررہا ہے، صدر عارف علوی کا بیٹا سوشل میڈیا پر مہم چلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ آئین اور ملک کی حفاظت کریں گے؟، کیا ہم بھی ہزاروں لوگوں کو لے کر عدالت میں جائیں؟۔