لاہور : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کا کہنا ہے کہ کارکن ایک دن بھی ضائع نہ کریں اور انتخابات کی تیاری کریں، عمران خان اے پی سی میں نہیں جا رہے۔
رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر اور الیکشن کمیشن مانتے ہیں کہ انتخابات نوے دن میں ہونے ہیں۔ مگر تاریخ دینے کو وہ تیار نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن خود لکھ کر دے چکا ہے کہ تیاری کے لئے 54 دن چاہیں۔ کارکنوں کو ہدایت ہے کہ وہ انتخابات کی تیاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر ابہام پیدا کر رہی ہے۔ آج کی عدالتی کارروائی کے بعد انتخابات ہونے میں کوئی ابہام نہیں رہا۔ چئیرمین تحریک انصاف ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کر چکے ہیں۔ کارکن ایک دن بھی ضائع نہ کریں اور انتخابات کی تیاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں دہشتگردی کا واقعہ ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس کے ساتھ ہمدردی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : توہین الیکشن کمیشن کیس : اسد عمر نے مزید وقت مانگ لیا، سماعت 14 فروری تک ملتوی
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر، کم ترین سطح پر آگئے ہیں۔ حکومت شیخ رشید اور عمران ریاض کو گرفتار کر رہی ہے۔ وسائل کا رخ گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کی طرف لگا دیا گیا ہے۔ غداری کے مقدمے درج کرکے آئین کو پاؤں تلے روندا جا رہا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک کے بائیس کروڑ عوام کسی کو بھی اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے۔ قانون کی حکمرانی کے خلاف کام کرنے والوں کے سامنے عوام سر نہیں جھکائیں گے۔ ملک کو نئے انتخابات کی طرف جانے سے نہ روکا جائے۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اے پی سی میں نہیں جا رہے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، تو وہ کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔