جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں : بلاول بھٹو زرداری

عمران خان مہنگائی مافیا

کراچی : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے گھرانے کے لئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے، عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ کم آمدنی والے گھرانے کے لئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک کے اضافے کے بعد عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے۔ گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافے کا مطلب عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہاء ہے۔

عام آدمی آخر کہاں جائے کہ ملک میں صرف کھانے پینے کی اشیاء 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، مدینے کی ریاست میں روزے دار پھلوں کی قیمتوں میں 25.2 فیصد اضافے کے بعد فروٹ چاٹ بناتے ہوئے اپنی جیب دیکھ رہے ہیں۔ صرف ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک ہوشربا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام پس رہے ہیں اور عمران خان کے سرمایہ دار دوست مہنگائی کرکے پیسہ بنارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ملک میں بدترین مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجراء کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان، آلو، پیاز کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے، ملک کیا چلائیں گے؟ بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ سندھ کے چھ لاکھ رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں کو پہلے مرحلے میں بے نظیر مزدور کارڈ کے اجراء سے مہنگائی کے دنوں میں لاکھوں خاندانوں کی زندگی آسان بنائیں گے۔ غیر رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں جبکہ زرعی مزدوروں سمیت سندھ کے تمام محنت کشوں کو دوسرے مرحلوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجراء ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بدترین مہنگائی میں سندھ کے تمام محنت کشوں کو بیماری کے دوران بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے میڈیکل گرانٹ مہیاء کی جائے گی۔

محنت کشوں کو اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور شادی کے لئے بھی اس مہنگائی کے دور میں بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے گرانٹ دی جائے گی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ روٹی اور کپڑا ہی نہیں بلکہ مکان کا وعدہ پورا کرنے کیلئے بھی بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے رہائشی اسکیموں میں خصوصی رعایت ملے گی۔ اگر کوئی محنت کش خدانخواستہ کسی حادثے میں معذور ہوجائے تو اسے بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے گریجویٹی اور تاحیات پنشن ملے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی محنت کش خدانخواستہ کسی حادثے میں انتقال کرجائے تو بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے بیوہ کو عدت گزارنے کی رقم کے علاوہ لواحقین کی امداد ہوگی۔ بیماری سنگین ہونے کی صورت میں سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں رجسٹرڈ مزدوروں کا علاج نجی اسپتالوں میں کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی فیکٹری، کسی کمپنی اور کسی کھیت میں کام کرنے والے محنت کش کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بناکر عوام دشمن اقدامات کا خاتمہ کرے گی تاکہ عام آدمی کو سستی اشیاء مہیاء ہوسکیں۔

متعلقہ خبریں