جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

عمران خان کے استعفے سے مسائل حل ہوسکتے ہیں : بلاول بھٹو

استعفے

اسلام آباد : بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔ عمران خان کے استعفے سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش میڈیکل بورڈ نے کی تھی مگر حکومت اور انتظامیہ عدالت کے حکم پر عمل در آمد نہیں کر رہے۔

یہ بھی پڑھیں : آصف زرداری کو طبی سہولیات کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، مگر ہم کٹھ پُتلی حکومتوں سے لڑتے رہیں گے۔ افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جا رہی۔

پی پی چیئرمین نے آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔ ہمارے رہنما اور کارکن مولانا صاحب کا استقبال کریں گے۔ حکومت کا ڈر عوام کے سامنے ہے۔ احتجاج سے ڈرنا نہیں چاہئے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو یاد دلایا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے، افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کررہی ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عدلیہ اور نیب پر دباؤ ڈالیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ اس سیاسی جدوجہد کے تحت خان صاحب کو گھر جانا پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں، جن کے استعفے سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں