وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور ہم منصب سے ملاقات

چینی صدر

بیجنگ : وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور ہم منصب سے ملاقات میں سی پیک سمیت اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں‌ قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔


وزیراعظم عمران خان نے اس سے قبل چینی ہم منصب لی چیانگ سےملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ چینی وزیراعظم نے پاکستان کے تمام مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سینٹر سراج الحق اور ڈپٹی چئیرمین سینٹ سلیم مانڈوی کا وزیر اعظم کے دورہ چین پر تبصرہ

چینی وزیراعظم نے سی پیک منصوبہ آگے بڑھانے پرعمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستانی معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے اور یہ مرحلہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب لی چیانگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین باہمی تعاون کا خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ہے۔ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔


وزیر اعظم نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مخدوش حالات پر فوری نوٹس لے۔

وزیراعظم نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد معاشی و اقتصادی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے۔

وزیراعظم عمران خان سے چینی سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے تبادلہ خیال کیا۔