جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے : بلاول بھٹو

عمران خان یہ

اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی 20 ہزار روپے مقرر کرکے 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے اور کہا کہ عزیز ہم وطنو! ملک ترقی کرگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کے خرچ میں 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔ ہر تین میں سے ایک بچے کے غذائی قلت کے شکار ملک میں عمران خان نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ عمران خان نے کیا تھا، بجٹ میں نوکریاں کہاں ہیں: شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ چالیس فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ہمارے بچوں کے قتل کے مترادف ہے۔ چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوف ناک قیمت ہوگی جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا کہ جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے، ہم بجٹ کا سارا کچا چٹھا عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں