جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبر

عمران خان کی ایک ہزار ارب روپے کی چوری پکڑی گئی، انکوائری کی جائے : بلاول بھٹو

عمران خان کی ایک

اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے، میگا کرپشن پر انکوائری کی جائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے جاری بیان میں ایک بار پھر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے، پیپلز پارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کو ایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے۔ عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے دو ارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اور شرح سود 13.25 فیصد مقرر کرکے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کر پیسے واپس کردئیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی خزانے کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو زرداری کا صحت و تعلیم کے لئے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف نے شرح سود 12 فیصد تک رکھنے کا کہا تھا اور عمران خان کی حکومت نے اس کو 13.25 فیصد بڑھا کر چند سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچایا۔ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈز کی شرح سود اچانک تبدیل کرکے عمران خان کی حکومت نے چند مخصوص سرمایہ داروں کو 700 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچایا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈ کے 700 ارب روپے اور دو ارب ڈالر پر 300 ارب روپے اور مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی اس میگا کرپشن پر پارلیمانی انکوائری کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اس میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک ایک روپے کا عمران خان سے حساب لے گی۔

متعلقہ خبریں