جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

بھارت جی 20 میں اپنی نشست کا غلط استعمال کررہا ہے: بلاول بھٹو

بلاول

مظفرآباد: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارت جی 20 میں اپنی نشست کا غلط استعمال کررہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ دکھانا چاہتا ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا مشکور ہوں، میں پہلا وزیرخارجہ ہوں جو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خطاب کررہا ہوں، کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ہمارا پیغام ہے کہ منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں لے کر پہنچا، سلامتی کونسل نے فیصلہ کیا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزیاں کیں ہیں، تاریخ یاد رکھے گی کہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے وادی مقبوضہ کشمیر کو مسلمانوں کا اجتماعی قبرستان بنا دیا

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، بھارت کو کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا پڑے گا، مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی دہشت گردی کشمیر کی صورتحال تبدیل نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جی 20 میں اپنی نشست کا غلط استعمال کررہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ دکھانا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، 75 سال سے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرنے دیا گیا، پاکستان مسئلہ کشمیر میں صرف ایک پارٹی نہیں ہے، یہ ہمارا آپشن نہیں بلکہ ذمہ داری ہے، بھارت کو مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، بھارت کے ساتھ صرف برابری کی سطح پر مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں