جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

بالی وڈ اداکاروں سمیت بھارتی سیاست دانوں کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس

انتقال

ممبئی: فرزند پشاور اور معروف و عظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر بالی وڈ اداکاروں سمیت بھارتی سیاست دانوں نے اظہار افسوس کیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دلیپ کمار کے انتقال پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اداکار کو ہمیشہ سنیما کی یاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہیں اپنے کام اور مقام کے باعث منفرد مقام حاصل تھا اور انہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے۔

بھارتی صدر رام ناتھ نے کہا دلیپ صاحب بھارت کی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے تھے، دلیپ کمار بھارتی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے دلیپ کمار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سنیما میں ان کی غیر معمولی شراکت آئندہ نسلوں کیلئے یادگار ثابت ہوگی۔

معروف اداکارہ روینا ٹنڈن نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خلا کبھی نہیں بھر سکے گا، ایک مہربان شخص کا دور اختتام پذیر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فرزند پشاور، شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 98 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے

اجے دیوگن نے دلیپ کمار کے ہمراہ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ان کے ساتھ بہت سے ذاتی نوعیت اور اسٹیج کے لمحات گزارے، پھر بھی میں اب تک ان کے انتقال کا سننے کیلئے تیار نہیں تھا۔

بالی وڈ کے بِگ بی امیتابھ بچن نے کہا کہ آج لیجنڈ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا، جب بھی بھارتی سنیما کی تاریخ لکھی جائے گی وہ دلیپ کمار سے شروع اور ان کے بعد ہوگی۔

سپر اسٹار اکشے کمار نے دلیپ کمار کے انتقال پر کہا کہ شاید دنیا کیلئے دیگر ہیرو ہوں گے لیکن ہم اداکاروں کے ہیرو دلیپ کمار تھے، وہ اپنے ہمراہ بھارتی سنیما کا پورا دور لے گئے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں