جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی کے خلاف حکم امتناع میں 13 دسمبر تک توسیع

13 دسمبر تک

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی کے خلاف حکم امتناع میں 13 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں بجلی کے بلز میں میونسپل ٹیکس شامل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالتی معاونین منیر اے ملک، خالد جاوید اور جماعت اسلامی کے وکیل پیش ہوئے۔ سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کے ایم سی ٹیکس پر اہم سوالات اٹھا دیئے۔

بیرسٹر خالد جاوید نے کہا کہ کے ایم سی ضلع کونسل کی قرارداد پر انحصار کررہی ہے جو کہ منتخب باڈی ہوتی ہے۔ اس وقت کوئی منتخب باڈی نہیں بلکہ نگراں ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ نگراں یا عارضی ایڈمنسٹریٹر پالیسی فیصلے کرسکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیں : سندھ ہائی کورٹ نے فلم جوائے لینڈ کے خلاف درخواست مسترد کردی

خالد جاوید نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، اس طرح کے پالیسی فیصلے بڑے فیصلے ہوتے ہیں، منتخب باڈی کو کرنے چاہییں۔ کے ایم سے نے بلدیاتی قوانین سے متعلق شیڈول کے پارٹ ون کا حوالہ دیا، جبکہ نوٹیفیکیشن پارٹ ٹو سے متعلق پیش کیا گیا۔

عدالتی معاون نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، نگراں یا عارضی حکومت کیا فیصلے کرسکتی ہے۔ دو الگ الگ درخواستیں ہیں، دوسری درخواست میں ٹیکس وصولی کو چیلنج کیا گیا ہے۔  منیر اے ملک نے کہا کہ کے ایم سی نے تاحال دوسری پٹیشن پر جواب جمع نہیں کرایا۔

عدالت نے کے ایم سی کے وکلا کو تمام سوالوں پر تیاری کرکے آنے کی ہدایت کردی۔ ٹیکس نفاذ سے متعلق درخواست پر بھی تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی کے خلاف حکم امتناع میں 13 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں