اسلام آباد ہائی کورٹ : پی اے آر سی کے 269 ملازمین کی بھرتی غیرقانونی قرار

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی حکومت میں بھرتی کیئے گئے 269 پی اے آر سی ملازمین کی بھرتی غیرقانونی قرار دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل دورکنی بنچ نے پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل میں 269 ملازمین کی بھرتی سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بھرتیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

ملازمین کو پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 2008 سے 2010 کے درمیان پی اے آر سی میں بھرتی کیا گیا تھا، وزارت فوڈ سیکورٹی نے 23 مئی 2011 کو ملازمین کو غیرقانونی قرار دے کر فارغ کیا جسے 2012 میں خورشید شاہ کمیٹی نے ملازمین کو بحال کردیا تھا۔

2018 میں چئیرمین پی اے آر سی ڈاکٹر یوسف ظفر نے دوبارہ انکوائری شروع کی، جس پر ملازمین نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔