جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ کا زرتاج گل اور امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ

زرتاج گل توہین عدالت

اسلام آباد : عدالت نے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور معاون خصوصی امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے

عدالتی حکم کے باوجود چڑیا گھر سے ریچھوں کو منتقل نہ کیے جانے کے خلاف کیس پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا  کہ شیروں کے ساتھ کیا ہوا ؟ وکیل نے بتایا کہ شیر اور شیرنی کو لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، منتقل کرنے کے لئے پروفیشنلز کی سروسز لی گئی تھیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی، ایم سی آئی اور وائلڈ لائف بورڈ صرف سیاست کر رہے ہیں،

تینوں محکمے اپنی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہیں، عدالت نے تعین کیا تھا کہ اگر کسی جانور کو کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت کو اس بات کا اندازہ تھا کہ جانوروں سے یہ ہونے جا رہا تھا، اس عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ ممبرز وائلڈ لائف بورڈ تمام جانوروں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ہونگے۔

وفاقی حکومت نے جانوروں کی منتقلی کے لئے بورڈ تشکیل دے کر نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا تھا۔

عدالت نے کاہ کہ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی، معاون خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی بورڈ ممبران میں شامل تھے، عدالت نے ابزرو کیا کہ متعلقہ اداروں میں سے کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں شیر کی موت : ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا شدید احتجاج، کارروائی کا مطالبہ

چیف جسٹس اطہر من اللہ استفسار کیا کہ کیا تمام ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی؟ ان تمام ذمہ داران نے عدالتی حکم کی بھی خلاف ورزی کی۔ کیوں نہ ان تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ یہ عدالت تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریگی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ آسان ہے کہ بیان دے کر کریڈٹ لے لیں، جو ریاستی نمائندے جانوروں کا خیال نہیں رکھ سکتے وہ انسانوں کا کیا خیال رکھیں گے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ اس معاملے کی انکوائری کون کر رہا ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندہ انکوائری کر رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ کیا وہ اپنے خلاف انکوائری کرینگے، آپ نے اس عدالت کے فیصلے کا مذاق بنا دیا ہےوفاقی حکومت خود کو ایکسپوز کر رہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور معاون خصوصی امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، عدالت نے وفاقی حکومت سے ذمہ داروں کے نام طلب کر لیے۔

عدالت نے سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ کو کل ذاتی حیثیت میں بھی طلب کر لیا ہے۔

متعلقہ خبریں