جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

عدالت کی عمران خان کو گاڑی میں حاضری لگوانے کی سہولت دینا افسوس کی بات ہے: رانا ثںااللہ

رانا ثںااللہ

اسلام آباد: رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عدالت کو یہ حکم دینا چاہیے تھا کہ گاڑی سے اتر کر پیش ہو، انتہائی افسوس ہے کہ انہیں گاڑی میں ہی حاضری لگوانے کی سہولت دی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زمان پارک میں مسلح جتھوں کی وجہ سے قریبی علاقوں کے لوگ شدید پریشان تھے، جیل بھرو تحریک شروع کرنے والا خود زمان پارک میں مورچہ زن رہا، دوسروں کے لیے جیل اپنے لیے جیل بچو تحریک چلائی جارہی تھی۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آج صبح لاہور پولیس نے زمان پارک کے نوگو ایریا کو ختم کیا، پولیس نے سر چ آپریشن کےسا تھ زمان پارک میں عمران خان کے گھر کی تلاشی لی، پولیس نے گھر کے اس حصے کی تلاشی نہیں لی جہاں عمران خان کی اہلیہ موجود تھیں، زمان پارک میں مورچہ زن مسلح جتھوں میں شامل لوگوں کا ریکارڈ مشکوک ہے، سرچ آپریشن کے دوران زمان پارک سے اسلحہ اور پٹرول بم بنانے کا سامان برآمد ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں مقیم مسلح جتھوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے نہیں ہے، یہ شخص گزشتہ 10سال سے ملک میں انتشار اور فساد کے ایجنڈے پر ہے، 2014 کے دھرنے سے لیکر آج تک اس نے عدم استحکام کے سوا کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے اپوزیشن کو ختم کردو، عمران خان کہتے تھے اختیار مل جائے تو پھانسی دے دوں گا، عمران خان نے 50 ارب روپے کا ٹیکا عوام کو لگایا، عمران خان کو معلوم ہے کہ اس کو کیسز میں سزا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس؛ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جو کچھ زمان پارک سے برآمد ہوا آئی جی نے بتا دیا ہے، عمران خان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، وہ کہتا تھا کہ پیش نہیں ہوگا، لیکن پیش ہونا پڑا، عمران خان نے 7ارب کی پراپرٹی اپنے نام کرائی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت کو یہ حکم دینا چاہیے تھا کہ گاڑی سے اتر کر پیش ہو، ایسا ہونا ضروری تھا تاکہ اس قسم کے واقعات کو مزید نہ پنپنے دیا جائے، انتہائی افسوس ہے کہ انہیں گاڑی میں ہی حاضری لگوانے کی سہولت دی گئی، بعد میں سنا ہے کہ دستخط والی فائل بھی کہیں غائب ہوگئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن عدلیہ کے اس رویے نے عمران خان کی خرمستی میں اضافہ کیا ہے، لوگوں کو عمران خان نے ماہ و سال جیل میں رکھا اور خود جیل سے اتنا خوفزدہ ہے۔

متعلقہ خبریں