جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

آئی ایم ایف ڈیل میں غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو معافی مانگنا ہوگی : بلاول بھٹو

غلطی تسلیم کرنا

کراچی : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری بیان میں کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر اب نظرثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی۔ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔ آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں، یہ ملک ہے، کوئی کلاس روم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہمارا نظام طاقتور ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا : وزیر اعظم عمران خان

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا دراصل ملکی وقار پر سمجھوتہ ہے۔

عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا، جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے بھی آئی ایم ایف سے پیکج لیا، مگر معاہدے میں اپنی عوام دوست شرائط منوائیں۔ عمران خان آئی ایم ایف سے ڈیل سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لیتے تو آج عوام یوں مہنگائی کی سونامی میں نہ ڈوب رہے ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اگر آج ریکارڈ بے روزگاری ہے تو اس کی وجہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے احمقانہ معاشی فیصلے ہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے آئے تھے اور آج عمران خان نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کرکے کروڑوں پاکستانیوں کو بے روزگار کردیا۔ پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنا کر عوام کی معاشی آزادی کو یقینی بنائے گی۔

متعلقہ خبریں