جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

پارٹی ارکان کو کنٹرول کرنا پارٹی قیادت کی ذمے داری ہے : وفاقی وزراء

پارٹی ارکان

اسلام آباد : وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا، ہم سب اس کی مذمت کرتے ہیں، پارٹی ارکان کو کنٹرول کرنا پارٹی قیادت کی ذمے داری ہے۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد وفاقی وزراء پرویز خٹک اور فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہم نے برداشت کی۔ دو دن بعد پھر ہلڑبازی ہوئی۔ جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا، ہم سب اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ارکان اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی بہتری کیلئے کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ارکان شائستگی سے بات کریں، پارلیمنٹ کا تقدس پامال نہ کریں : اسد قیصر

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے بہترین بجٹ پیش کیا۔ چاہتے ہیں اب بجٹ پر بحث ہو۔ ہماری اپوزیشن سے میٹنگ ہوئی ہے۔ اس حوالے سے ایک کمیٹی بنا رہے ہیں۔ کوشش ہے اجلاس پرامن چلے، طے کیا ہے گالی گلوچ نہ ہو۔ ہم چاہتے ہیں اسپیکر کو بااختیار بنایا جائے۔ ارکان اسمبلی سے اپیل ہے کہ اجلاس میں اچھا رویہ اختیار کریں۔ امید ہے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں لابی سے نکلا تو مجھے ٹانگ پر سینیٹائزر کی بوتل لگی۔ شور ہو یا شرابہ بجٹ منظور ہوجائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے وفود نے ملاقات کی۔ ایک کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، جو تعین کرے گی کہ ایوان کیسے چلے۔ اسپیکر کے اختیار بڑھانے پر بات ہوئی۔ اپوزیشن کو کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک واپس لیں۔ امید ہے اپوزیشن لیڈر شپ سے مشاورت کے بعد تحریک واپس لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی سے پارلیمان کی سبکی ہوئی۔ پارٹی ارکان کو کنٹرول کرنا پارٹی قیادت کی ذمے داری ہے۔ کسی کی بھی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ خبریں