جمیل فخری کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے

کراچی: ڈرامہ سیریل اندھیرا اْجالا کے پولیس انسپکٹر جعفر حسین اور عظیم فنکار جمیل فخری کی 8ویں برسی آج منا ئی جارہی ہے۔ تھیٹر سے فنی سفر کا آغاز کرنے والے جمیل فخری نے تھیٹر، ٹی وی اور فلم کے درجنوں کرداروں کو کامیابی سے ادا کرتے ہوئے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔

ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا میں پولیس افسر جعفر حسین کا کردار کس کو یاد نہیں ۔1946کوجنم لینے والے معروف اداکار جمیل فخری نے اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔60کی دہائی کے اوائل میں اداکاری میں قدم رکھا اور مرتے دم تک لوگوں میں خوشیاں تقسیم کرتے رہے۔

جمیل فخری نے50سے زائد فلموں اور ان گنت ڈراموں میں کام کیا۔ان کے ڈرامے دلدل، تانے بانے، وارث، بندھن، ایک محبت سو افسانے اور اندھیرا اجالا میں ان کا کردار سپر ہٹ ثابت ہوا۔

مجرموں کی گردن کو قانون کے آہنی شکنجے میں کسنے والے جعفر حسین کو اصل زندگی میں جوان اولاد کے قتل کا دکھ جھیلنا پڑ ا اور جمیل فخری کی مسکراہٹیں اور قہقے نہ جانے کہاں کھو گئے اور تنہائیاں ان کا مقدر بن گئیں، جس کے نتیجے میں ان پر فالج کا حملہ ہوا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

دیارِ غیر میں جوان بیٹے کی بے وقت موت کا دُکھ بد نصیب باپ کی جان لے کر ہی رہااور 9جون 2011کو وہ لاہور میں انتقال کرگئے.